Pakistan Peoples Party Official

News, updates, events, photographs and other information

ایم این اے فریال تالپور کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقعے پر پیغام

Leave a comment

کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی کی سیاسی رہنما و رکن قومی اسمبلی مسز فریال تالپور نے یوم کشمیرکے موقع پر اپنےپیغام میں کہا کہ پاکستان کی عوام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے کشمیری بھایئوںکی جدوجہد میں ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ محترمہ فریال تالپور نےاپنےپیغام میں مزیدکہاکہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ پر رکھی اور مسئلہ کشمیر کو دنیا کے ایوانوں میں بلند کر کے بھارت کو ہر محاذ پر پسپا کیااور اب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کی بھارت سے آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔ فریال تالپور نے کہا کہ سابق وزیراعظم پاکستان شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ۱۹۹۰ میں 5 فروری کو عام تعطیل کا اعلان کر کے کشمیریوں کے ساتھ نہ صرف یکجہتی کا مظاہرہ کیا بلکہ محترمہ بے نظیر بھٹو نےمظفرآباد آزاد کشمیر اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس کے علاوہ جلسہ عام سے خطاب کرکےکشمیریوں کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور مہاجرین کشمیر کی آباد کاری کا وعدہ کیا۔ اس وقت سے 5 فروری کو ہر برس سرکاری طور پر یوم کشمیرکےطورپرمنا​یا جاتا ہے۔ فریال تالپور نےپاکستان پیپلزپارٹی اور عوام کی طرف سے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی بنیاد پر جموں و کشمیر کے تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن انداز میں حل کیلئے پرعزم ہے، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے وعدوں اور بین الاقوامی برادری کی پیہم کوششوں کے باوجود کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دینے سے انکار کیا جارہا ہے۔ حق خودارادیت کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کشمیریوں کا پیدائشی حق ہے اور اس حق کے حصول کی جدوجہد میں پاکستان کی تمام حکومتیں اور عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو غیر متزلزل حمایت جاری رکھیں گے ۔فریال تالپورنے کہا کہ وہ کشمیریوں کے اس بہادرانہ جذبے کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں جو گزشتہ 7 دہائیوں سےبھارتی مظا لم کا سامنا کرنے کے باوجود سرد نہیں پڑا۔بھارت کی جانب سےکشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں نے بین الاقوامی برادری کو اس عمل کی مذمت پر مجبور کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات سب کے علم میں ہے کہ جموں و کشمیر کے بے گناہ عوام بھارتی سیکیورٹی فورسزکے 7 لاکھ سے زائد اہلکاروں کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا نشانہ بن رہے ہیں ،لاکھوں کشمیری اپنی جانیں قربان کرچکے ہیں ،ہزاروں لاپتہ کردیئے گئے ہیں اور بھارتی سیکورٹی فورسز کشمیری خواتین کی بےحرمتی میںملوث ہیں۔ محترمہ فریال تالپور نے مسئلہ کشمیر کے فوری حل پر زور دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل ‘ سلامتی کونسل کے ارکان اور بین الاقوامی برادری سے پر زور مطالبہ کیا کہ کشمیرکے مسئلے کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم کیا جاسکتا ہے ۔فریال تالپورنے کشمیری عوام کو یقین دلایا کہ پاکستان کے عوام ان کی غیر متزلزل حمایت ہمیشہ جاری رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں مجھے یقین ہے کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنی منزل حاصل کرلیں گے۔

Leave a comment